سندھ نے 35ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ، 6 دسمبر کو شاندار افتتاح

سندھ نے 35ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔ 6 دسمبر کو شاندار افتتاح
کراچی ؛ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد اعلیٰ سطح اجلاس میں 35ویں نیشنل گیمز کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
یہ میگا اسپورٹس ایونٹ 6 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوگا، جس کا افتتاح صدرِ پاکستان آصف علی زرداری انجام دیں گے۔
اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکام نے بھرپور شرکت کی جن میں وزیر داخلہ ضیاءاللہ حسن لنجار، وزیر زراعت محمد بخش مہر، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور سیکریٹری کھیل خیر محمد کلوڑ سمیت متعدد اعلیٰ افسران شامل تھے،
اجلاس کے دوران کھیلوں کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات، کھلاڑیوں کی رہائش، سیکیورٹی، مقامات کی اپ گریڈیشن اور لوجسٹکس سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
افتتاحی تقریب کے لیے وزیر اعلیٰ کو پیش کیے گئے منٹ بہ منٹ شیڈول میں ٹیموں کی پریڈ، کھلاڑیوں کی حلف برداری، مشعل روشن کرنے کی تقریب،
تھیم سانگ کی پرفارمنس، ثقافتی شوز، ڈرون ڈسپلے، آتشبازی، لیزر شوز اور پیراگلائیڈنگ پرفارمنس شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تمام نکات کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مراسم کو عالمی معیار کا بنانے کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔
اجلاس میں اختتامی تقریب کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دی گئی جس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔ اس موقع پر قائداعظم ٹرافی، بہترین کارکردگی اور فیئر پلے ٹرافی سمیت مختلف ایوارڈز تقسیم کیے جائیں گے جبکہ تقریب کا اختتام بھی رنگا رنگ ثقافتی و موسیقی پروگرام اور شاندار آتشبازی کے ساتھ ہوگا۔
کراچی میں مجموعی طور پر 24 مقامات نیشنل گیمز کے لیے منتخب کیے گئے ہیں جن کی تزئین و مرمت محکمہ کھیل و یوتھ افیئرز کمشنر کراچی کے تعاون سے انجام دے رہا ہے، کمشنر آفس نے تمام وینیوز کے اطراف تجاوزات ختم کرنے اور ٹریفک و آپریشنل لاجسٹکس کو ہموار بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے افتتاحی و اختتامی تقریبات کی نگرانی کے لیے ایک وزارتی کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں میئر کراچی سمیت محکمہ تعلیم، ثقافت، ٹرانسپورٹ اور اطلاعات کے نمائندے شامل ہوں گے،
محکمہ تعلیم نے طالب علموں کی بڑی تعداد میں شرکت کی یقین دہانی کرائی جبکہ محکمہ اطلاعات پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر تشہیری مہم چلائے گا۔
مراد علی شاہ نے محکمہ ثقافت کو ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر آنے والی ٹیموں کے لیے روایتی انداز میں استقبال کا انتظام کیا جائے،
انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے خصوصی ٹرانزٹ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔ مزید برآں، وی آئی پی، وی وی آئی پی، طلبہ اور شائقین کے لیے علیحدہ نشستوں کا جامع پلان تیار کرنے کا حکم دیا گیا۔
عوامی شمولیت بڑھانے کے لیے شہر میں ایونٹ ایکٹیویشن مہم بھی چلائی جائے گی جبکہ فین انٹریکشن زونز، فوڈ اسٹیلز اور تربیت یافتہ رضاکار ایونٹ کے دوران مہمانوں کی رہنمائی کریں گے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیشنل گیمز نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ قومی یکجہتی، نوجوانوں کی شمولیت اور کراچی کی اسپورٹس میزبانی کی صلاحیت کو عالمی سطح پر نمایاں کرتے ہیں۔



