انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ، پاکستان کے حمزہ خان اور نور زمان فائنل میں پہنچ گئے

انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ، پاکستانی کھلاڑی فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد: چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے حمزہ خان اور نور زمان فائنل میں پہنچ گئے۔
چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دونوں فائنلسٹ اپنے نام کر لیے۔ حمزہ خان اور نور زمان ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے حمزہ خان نے سوئٹزرلینڈ کے ڈیوڈ برنیٹ کو 1-3 سے شکست دی۔ حمزہ نے سخت مقابلے کے بعد سیمی فائنل 9-11 13-11، 10-12، 5-11 سے اپنے نام کیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ہی کے نور زمان اور ناصر اقبال آمنے سامنے تھے۔ تاہم میچ کے دوران ہی ناصر اقبال کو سینے میں تکلیف محسوس ہوئی۔ جس کی وجہ سے وہ اپنا مقابلہ جاری نہ رکھ سکے اور پہلے سیٹ میں ہی دستبردار ہو گئے۔
پہلے سیٹ میں نور زمان کو 4-5 پوائنٹس سے سبقت حاصل تھی۔ جبکہ ناصر اقبال کی جانب سے میچ ترک کرنے پر ریفری نے نور زمان کو فاتح قرار دیا۔
چیمپئن شپ کا فائنل جمعہ کو نور زمان اور حمزہ خان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ کیونکہ دونوں فائنلسٹ مقامی کھلاڑی ہیں۔



