پاکستانی سینئر ٹینس کھلاڑیوں کی آئی ٹی ایف ماسٹرز MT200 کھاؤ لک میں شاندار کامیابیاں

پاکستانی سینئر ٹینس کھلاڑیوں کی آئی ٹی ایف ماسٹرز MT200 کھاؤ لک میں شاندار کامیابیاں
لاہور: تھائی لینڈ کے شہر کھاؤ لک میں 6 سے 12 دسمبر تک روبنسن ہوٹل کے ہارڈ کورٹس پر منعقدہ آئی ٹی ایف ورلڈ ماسٹرز MT200 ٹورنامنٹ میں بینک آف پنجاب (بی او پی) کے تعاون سے شرکت کرنے والے پاکستان کے سینئر ٹینس کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار مختلف کیٹیگریز میں ٹائٹل جیتے جبکہ دو ایونٹس میں رنر اپ رہے۔ یہ کارکردگی بیرونِ ملک ان کی بہترین اجتماعی کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے جرمنی، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، ایران، سنگاپور، ناروے، روس، بھارت، یوکرین، ہانگ کانگ، امریکہ، نیوزی لینڈ اور فرانس کے مضبوط مخالفین کے خلاف نمایاں پرفارمنس دکھائی۔
سابق ڈیوس کپ اسٹار رشید احمد ملک نے ایک بار پھر اپنی مہارت ثابت کرتے ہوئے 60+ سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا۔ طاقتور گراؤنڈ اسٹروکس، مؤثر حکمت عملی اور شاندار کنٹرول کے ساتھ انہوں نے اپنی کیٹیگری میں مکمل غلبہ برقرار رکھا۔ وہ آئی ٹی ایف ماسٹرز میں اپنی ناقابل شکست سلسلہ بھی برقرار رکھنے میں کامیاب رہے اور اب آئی ٹی ایف ورلڈ ماسٹر چیمپئن شپ فائنلز جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے دوسرے نمایاں سینئر کھلاڑی خرم امتیاز نے بھرپور جذبے اور فٹنس کے ساتھ مسلسل کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 55+ سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جو ان کے کیریئر کا دوسرا آئی ٹی ایف سنگلز کراؤن ہے۔ وقار نثار نے شاندار مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70+ سنگلز کیٹیگری میں رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔
ڈبلز ایونٹ میں خرم امتیاز اور فرقان الدین خان (منگول) کی جوڑی نے بہترین ہم آہنگی، نیٹ پر جارحانہ کھیل اور مضبوط کورٹ کورج کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55+ ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا،
جس سے پاکستان کی سینئر ڈبلز ٹینس میں بڑھتی ہوئی طاقت مزید نمایاں ہوئی۔ فرقان الدین خان نے ٹورنامنٹ بھر میں شاندار لڑاکا انداز اپنایا۔ انہوں نے سیمی فائنل میں جرمنی کے ہیننگ ہارٹمین کو 4–6، 7–6(3)، 12–10 سے شکست دی، مگر فائنل سے قبل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث واک اوور دے کر انہیں رنر اپ پر اکتفا کرنا پڑا۔
چاروں پاکستانی کھلاڑیوں نے بینک آف پنجاب کے صدر و سی ای او ظفر مسعود کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون نے سینئر ایتھلیٹس کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں۔ انہوں نے چیف رسک آفیسر ارسلان ایم اقبال کی حوصلہ افزائی کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔
رشید احمد ملک اور وقار نثار 13 سے 19 دسمبر تک ہونے والے آئی ٹی ایف ماسٹرز MT200 کے دوسرے مرحلے کے لیے کھاؤ لک میں ہی موجود رہیں گے، جبکہ خرم امتیاز اور فرقان الدین خان اس ہفتے پاکستان واپس لوٹیں گے۔



