نیشنل گیمز اسکواش: نورزمان اور زینب خان نے سنگلز میں گولڈ میڈل جیت لیا

نیشنل گیمز اسکواش:نورزمان اور زینب خان نے سنگلز میں گولڈ میڈل جیت لیا
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) نیشنل گیمز کے اسکواش ایونٹ میں آرمی کی زینب خان نے ویمنز اور واپڈا کے نورزمان نے مینز سنگلز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔مینز اور ویمنزٹیم ایونٹ آرمی کے نام رہا۔
پی ایس ایف جہانگیر خان اسکوا ش کمپلیکس پی ایس بی کراچی سینٹر میں گزشتہ روز فائنلز کھیلے گئے۔
مینز سنگلز کے فائنل میں واپڈا کے نورزمان نے آرمی کے حزیفہ ابراہیم کو 11-4،10-12،11-5اور11-6سے جبکہ ویمنز کے فائنل میں آرمی کی زینب خان نے آرمی ہی کی ماہ نور علی کو 11-8،11-8،10-12اور11-3سے زیر کر کے گولڈ میڈل جیتا۔
ویمنز ٹیم چیمپئن شپ میں آرمی نے گولڈ،کے پی نے سلور جبکہ پنجاب اور بلوچستان نے برانز میڈل حاصل کیا۔مینز ٹیم چیمپئن شپ میں آرمی نے گولڈ،واپڈا نے سلور جبکہ پی اے ایف اور پنجاب نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔
مینز انفرادی چیمپئن شپ میں واپڈا کے نورزمان نے گولڈ،آرمی کے حزیفہ ابراہیم نے سلور جبکہ آرمی کے اصحب عرفان اورپی اے ایف کے ایم عماد نے برانز میڈل جیتا۔
تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری ونگ کمانڈر (ر) عامر نواز مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد اور سیکریٹری نوید رحمان اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔



