کرکٹ

پی ایس ایل11 میں شامل نئی ٹیموں کو کتنی قیمت ادا کرنا ہوگی؟

پی ایس ایل11 میں شامل نئی ٹیموں کو کتنی قیمت ادا کرنا ہوگی؟

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن میں مزید دو ٹیموں کو شامل کرنے کے لیے ٹینڈر پر بولی کا عمل 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد کیا جائے گا۔

نئی ٹیموں کی بولی کے لیے ابتدائی قیمت 40 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے، تاہم بولی کے دوران اس میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ بولی میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سکیورٹی ڈپازٹ کے طور پر 2 لاکھ ڈالر بڈنگ فیس جمع کرانا ہوگی۔

بولی ناکام ہونے کی صورت میں 20 ہزار ڈالر فیس کے طور پر کاٹ لیے جائیں گے جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر واپس کر دیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی بڈ کمیٹی تمام تکنیکی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی، جس کے بعد کوالیفائیڈ بڈرز کو نیلامی میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جو سرمایہ کار دس سالہ مدت کے لیے فرنچائز خریدے گا، وہ ابتدائی تین سال تک اسے فروخت نہیں کر سکے گا۔ تاہم 2029 کے بعد فرنچائز مالک اپنی مرضی سے مالکانہ حقوق سے دستبردار ہو سکے گا۔

پی سی بی کے ٹینڈر دستاویز کے مطابق تمام 8 ٹیموں کو 2026 سے 2030 تک پانچ سال کے لیے سینٹرل پول سے سالانہ 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، تاہم دستاویز میں اس کے بعد کے پانچ سال کا ذکر موجود نہیں۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ علی ترین اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان تنازع کے باعث ملتان سلطانز کے مالک نے فرنچائز چھوڑنے کا اعلان کیا ہے،

جبکہ ان کا معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہو رہا ہے۔ پی سی بی اس تجویز پر بھی غور کر رہا ہے کہ آئندہ سیزن میں ملتان سلطانز کے معاملات خود بورڈ کے زیر انتظام چلائے جائیں، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی ونڈو کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 11 کا انعقاد آئندہ برس 26 مارچ سے 3 مئی تک مختلف شہروں میں ہوگا، انہی تاریخوں میں بھارتی لیگ آئی پی ایل بھی شروع ہو گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!