لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پہلی انٹرڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ 12مئی کو منعقد کررہے ہیں، ’’کون بنے گا پنجاب کا باکسنگ چیمپئن‘‘ سلوگن ہوگا، 15 مئی کی اختتامی تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان شرکت کریں گے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی زیرنگرانی چیمپپئن شپ کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، ٹرائلز میں 770 باکسرز نے حصہ لیا، تاریخ میں پہلی بار 100 سے زائد خواتین باکسرز نے بھی ٹرائلز دیئے جو حوصلہ افزا ہے، باکسنگ کے فروغ کیلئے 9 ڈویژنز میں عالمی معیار کے باکسنگ رنگ بنارہے ہیں، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے کہا کہ تمام ٹرائلز ان کیمرہ ہوئے ہیں ، باکسرز کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے، نوجوان اب اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا کہ جو انڈر 16 کھلاڑی تیار ہوں گے ان کو اکیڈمی میں تربیت دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی، پی آر او عبدالرئوف، پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداران شرجیل بٹ، طارق گجر بھی موجود تھے، وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے بتایا کہ چیمئن شپ میں 3گروپ بنائے گئے ہیں جن میں انڈر 16 بوائز، ایلیٹ کلاس بوائز اور ایلیٹ کلاس گرلز شامل ہیں، انڈر 16میں 10، ایلیٹ کلاس بوائز میں 10اور خواتین ایلیٹ کلاس میں 6ویٹ کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، باکسرز کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات کی رقم 26لاکھ روپے رکھی گئی ہے میں جن میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے باکسر کو بالترتیب 50،25اور 12ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے مزید کہاکہ انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے ٹرائلز میں میں نئے باکسرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، پنجاب بھر سے 770باکسرز نے ٹرائلز دیئے جن میں 100 سے زائد خواتین باکسرز بھی شامل ہیں، ٹرائلز پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کئے گئے اور میرٹ پر 177باکسرز کو چیمپئن شپ کے لئے منتخب کیا گیا، جن میں 22 خواتین ہیں، ان ٹرائلز سے ہمارے پاس صوبہ بھر کے باکسرز کا ریکارڈ مرتب ہوگیا ہے اب ہمیں علم ہوگا کہ کون سے ضلع میں کتنے باکسر ز ہیں ،اس ڈیٹا کا فائدہ مستقبل کے سپورٹس ایونٹ میں ہوگا جس سے ہم بہتر منصوبہ بندی کرسکیںگے۔
وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ باکسنگ انٹرنیشنل سپورٹس ہے، اس کے فروغ کے لئے صوبہ کے 9ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر عالمی معیار کے باکسنگ رنگ بنا رہے ہیں بعد میں اس کا دائرہ ضلع تک بڑھایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ کے ویژن ’’کوئی اتھلیٹ پیچھے نہیں رہے گا‘‘کے مطابق تمام کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں، صوبہ بھر میں 22 سپورٹس جمنیزیم مکمل ہوچکے ہیں ، ان میں انڈور گیمز ہورہی ہیں، دوردراز کے علاقوں میں بھی لاہور جیسی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، اس کے علاوہ سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس، ٹینس سٹیڈیم اور 18ای لائبریریز مکمل ہوچکی ہیں، ہاکی کے 6گرائونڈز بھی تیار ہیں جن میں نئی آسٹروٹرف بچھائی گئی ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے معروف کرکٹر ظہیر عباس کی سرپرستی میں نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے لئے 11کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز قائم کی ہیں جن میں 3 خواتین کی اکیڈمیز ہیں، ان میں نئے کرکٹر زکو 6ماہ کی تربیت دی جاتی ہے، اسی طرح سکواش، فٹ بال او ر دیگر کھیلوں کی ترقی کے لئے اقدامات کئے ہیں۔
وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب 12 مئی کو سہہ پہر 3بجے ہوگی ، ہر باکسر چیمپئن بننے کا جذبہ لیکر رنگ میں اترے گا، چیمپئن شپ کے لئے عالمی معیار کے انتظامات کئے گئے ہیں، شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔15مئی کو اختتامی تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر عامر خان بھی شریک ہوں گے۔
ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے کہا کہ باکسنگ چیمپئن شپ کے ٹرائلز ان کیمرہ ہوئے ہیں اور میرٹ پر تمام باکسرز کو منتخب کرکے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد انڈر16کھلاڑی تیار کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر چیمپئن بنیں،جو انڈر16 کھلاڑی تیار ہوں گے ان کی مزید تربیت کے لئے اکیڈمی بنائی جائے گی اور ان کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انیس شیخ نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں تمغے جیتنے والے پہلوانوں کو سپورٹس بورڈ پنجاب نے بھی سہولتیں فراہم کی تھیں، تمام پہلوانوں کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، وہاں کے ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل سپورٹس افسران نے ان کو پریکٹس کے لئے ویونیوز فراہم کئے۔ اس طرح اس کامیابی میں سپورٹس بورڈ پنجاب کا بھی کردار ہے۔