
فدا حسین نے پہلی آئی کنسلٹ نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کا وہیل چیئر ٹینس ٹائٹل جیت لیا
کراچی: پہلی آئی کنسلٹ نیشنل ٹینس چیمپئن شپ کے وہیل چیئر ٹینس ایونٹ میں فدا حسین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ مقابلوں میں ملک بھر سے 15 وہیل چیئر ٹینس کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں وہیل چیئر ایتھلیٹس مدیحہ اعجازی، فدا حسین اور محمد ایوب نے آئی کنسلٹ کے ڈائریکٹر اور محمد خالد رحمانی کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر بصارت سے محروم خاتون آفیشل عروج فاطمہ بھی موجود تھیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے خصوصی افراد کی کھیلوں میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے خصوصی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
منتظمین نے وہیل چیئر ٹینس کے کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی خصوصی کھلاڑیوں کے لیے کھیلوں کے مزید مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔



