Gamesاتھلیٹکس

پشاور میں ورلڈ ایتھلیٹکس لیول ون کوچنگ کورس کا آغاز

پشاور میں ورلڈ ایتھلیٹکس لیول ون کوچنگ کورس کا آغاز

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) ورلڈ ایتھلیٹکس کوچز ایجوکیشن اینڈ سرٹیفکیشن لیول ون کوچنگ کورس کا پشاور میں باقاعدہ آغاز ہوگیا، تیرہ روزہ کورس میں خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف صوبوں سے 30 سے زائد مرد و خواتین کوچز شرکت کر رہے ہیں۔

کورس کا انعقادپاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن، خیبرپختونخوا ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے باہمی تعاون سے کیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اشفاق خان تھے، جبکہ سیکرٹری جنرل پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کرنل شاہجہان میر، صوبائی ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انجینئر سیف الاسلام،

ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ فیصل، چیف کوچ شفقت اللہ، ڈائریکٹر، جعفر شاہ،ایڈمنسٹریٹر عابد ناظم،زعفران آفریدی اور یوسف آفریدی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا اشفاق خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیت اور درست رہنمائی فراہم کرنے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ملکی معیشت اور عالمی سطح پر ملک کی شناخت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں بھرپور صلاحیت موجود ہوتی ہے، تاہم انہیں درست سمت دینے میں کوچز کا کردار انتہائی اہم ہے۔ کوچز اور ٹرینرز ہیرے تراشنے والے ماہرین کی مانند ہیں،

جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو تلاش کرکے اسے نکھاریں اور قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کریں۔

اشفاق خان نے یقین دلایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا مستقبل میں بھی کوچز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید تربیتی کورسز اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

اس موقع پر صوبائی ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری انجینئر سیف الاسلام نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ایتھلیٹس کسی سے کم نہیں اور قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید کوچنگ اور سائنسی بنیادوں پر تربیت کے ذریعے صوبے کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جاسکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!