راولپنڈی(زاہداعوان سے)تین ماہ بعد بھی پاکستان سپورٹس بورڈ میں مستقل ڈائریکٹرجنرل کی تعیناتی نہ ہوسکی، قائمقام ڈی جی عامرعلی احمد رخصت پرچلے گئے، آج عارف ابراہیم نئے قائمقام ڈائریکٹرجنرل کاچارج سنبھالیں گے۔ سپورٹس بورڈ میںانتظامی بحران پیدا ہونے لگا، مستقل ڈی جی کے ساتھ 2ڈپٹی ڈائریکٹرجنرلز اور 7ڈائریکٹرز کی آسامیاں بھی خالی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرملک اخترنوازگنجیرا 28فروری 2018ء کو ریٹائر ہوئے جس کے بعد حکومتی کمیٹی نے نئے ڈی جی کی تعیناتی کیلئے قواعدوضوابط وضح کئے اورعارضی طور پر وزارت بین الصوبائی رابطہ کے جوائنٹ سیکرٹری عامرعلی احمد کو 3ماہ کیلئے قائمقام ڈی جی مقررکیا، ذرائع کے مطابق عامرعلی احمد نے چارج سنبھالتے ہی ادارے میں فوری طورپر مستقل ڈی جی کی تعیناتی کیلئے وزارت کو لکھا لیکن تاحال ڈی جی کی تعیناتی کیلئے وضح کئے گئے قواعدوضوابط کی منظوری بھی نہیں دی جاسکی ۔ ذرائع نے بتایاہے کہ قائمقام ڈی جی پی ایس بی کی مدت رواں ہفتے کے آخر میں مکمل ہورہی ہے تاہم وہ آج سے پانچ روز کی رخصت پر چلے گئے ہیں جس کے بعد وہ دوبارہ آئی پی سی میں بطور جوائنٹ سیکرٹری سپورٹس اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے،انہوں نے گزشتہ روز چارج چھوڑدیا اور ان کی جگہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ایڈیشنل سیکرٹری عارف ابراہیم کونیا قائمقام ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ تعینات کردیاگیاہے جو آج بطور قائمقام ڈی جی کااضافی چارج سنبھالیں گے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل پی ایس بی کے ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل (فنانس) وجے کمار ڈیپوٹیشن پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں چلے گئے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) سیدحبیب شاہ گزشتہ روز ریٹائر ہوگئے، اس طرح ادارے میں گریڈ 19کی ڈپٹی ڈی جی کی دو آسامیاں بھی خالی ہیں ۔ ذرائع کاکہناہے کہ طویل عرصہ سے افسران کی ترقیاں نہ ہونے کے باعث ڈائریکٹرزکی 7آسامیاں بھی خالی ہیں، پاکستان سپورٹس بورڈ کے چاروں کوچنگ سنٹرز لاہور، کراچی، کوئٹہ اورپشاور میں بھی ڈائریکٹرز کی آسامیاں خالی ہیںاور اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو عارضی چارج دے کر کام چلایاجارہاہے، اسی طرح ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ڈائریکٹر ای اینڈ ایس اور ڈائریکٹر میڈیا کی آسامیاں بھی طویل عرصہ سے خالی ہیں اور مختلف افسروں کو اضافی چارج دے کر کام لیاجارہاہے۔ قائمقام ڈی جی عامرعلی احمد نے گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مستقل ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹرز کی خالی آسامیوں کیلئے حکومت کولکھاہے اورامید ہے کہ جلد ہی تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔