
ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس: ابوبکر، امیر، حمزہ اور عمر انڈر 18 سیمی فائنل میں پہنچ گئے
لاہور: ایچیسن کالج مال روڈ کے ٹینس کورٹس پر جاری ‘ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ 2026’ میں جمعرات کے روز انڈر 18 کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں ابوبکر طلحہ، ایچیسن کالج کے امیر مزاری اور عمر جواد نے باآسانی فتح حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،
جبکہ حمزہ علی رضوان نے شایان آفریدی کے خلاف تین سیٹس پر مشتمل کڑے مقابلے کے بعد کامیابی سمیٹ کر آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ پکی کر لی۔
بوائز انڈر 18 سنگلز کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں ابوبکر طلحہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عبدالرحمٰن کو 6-1، 6-1 سے شکست دی، جبکہ عمر جواد نے ارحم طارق کے خلاف 6-1، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔
امیر مزاری نے کورٹس پر مکمل برتری قائم رکھتے ہوئے احمد فرید یاور کو بغیر کوئی گیم گنوائے 6-0، 6-0 سے آؤٹ کلاس کیا۔ دن کے سب سے سنسنی خیز اور قریبی مقابلے میں حمزہ علی رضوان نے پہلا سیٹ جیتنے کے بعد دوسرا سیٹ گنوا دیا، تاہم انہوں نے زبردست اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے شایان آفریدی کو 7-5، 1-6، 7-5 سے ہرا کر فتح اپنے نام کی۔
بوائز انڈر 18 ڈبلز کے مقابلوں میں امیر مزاری اور نبیل قیوم کی جوڑی نے رومیل شاہد اور حسان عالم کو 6-1، 6-1 سے ہرایا۔ عبداللہ یوسف اور عبداللہ رزاق نے ایم احمد افضل اور عبدالرحمٰن کو 7-6، 6-2 سے مات دی، جبکہ اعلیٰ حسنین اور ہارون عارف نے حمزہ احمد اور عبداللہ سجاد وھلہ کے خلاف کڑا مقابلہ جیتنے کے بعد 6-3، 4-6، 10-6 سے کامیابی حاصل کی۔
بوائز انڈر 14 کوارٹر فائنلز میں فاطمہ گروپ کے محمد معاذ نے مصطفیٰ عزیر رانا کو 4-0، 5-3 سے، اور فاطمہ گروپ ہی کے محمد ایان نے احمد فرید یاور کو 4-2، 4-0 سے شکست دی۔ اسی کیٹیگری میں ایم فیضان نے ایم ابراہیم حسین گل کو 4-1، 4-2 سے جبکہ شایان آفریدی نے دانیال عبداللہ کو 4-0، 5-4(4) سے ہرا کر اگلے مرحلے میں پیش قدمی کی۔
گرلز کیٹیگریز میں بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ گرلز انڈر 14 میں زینہ عبداللہ نے وجیہہ فاطمہ کو 4-2، 5-3 سے، شاہ نور عمر نے شہربانو کامران کو 4-2، 4-0 سے، اور ایمان شہباز نے زارا ایڈرس کو 4-2، 4-0 سے مات دی۔
جبکہ گرلز انڈر 12 ایونٹ میں ایمان شہباز نے عنابیہ شاہ کو 4-1، 4-0 سے ہرایا، شہرین عمر نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد کم بیک کرتے ہوئے زارا ایڈرس کو 3-5، 4-2، 4-1 سے شکست دی، اور شاہ نور عمر نے وجیہہ فاطمہ کو 4-0، 4-2 سے ہرا کر پیش قدمی برقرار رکھی۔
بوائز انڈر 12 کے کوارٹر فائنلز میں محمد ایان اور اشتر عالم خان نے بالترتیب ولی ایم حسان اور احسن باری کو ایک ہی جیسے 4-0، 4-0 کے اسکور سے اسٹریٹ سیٹس میں آؤٹ کلاس کیا۔ دوسری جانب مصطفیٰ عزیر رانا نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور ایم ابراہیم حسین گل کو 2-4، 5-4، 4-2 سے ہرا دیا۔
انڈر 10 کیٹیگری کے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں ولی عبداللہ نے ایمل طارق کو 6-1 سے، زہران ذیشان نے زاویار کو 6-0 سے، مراد منو نے ایم روہان ڈوگر کو 6-4 سے، جبکہ مرتضیٰ منو نے علایہ ایمان کے خلاف 6-0 سے فتح حاصل کی۔



