کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) چوتھے عبدالرزاق آرائیں رمضان المبارک روک بال ٹورنامنٹ کے دوسرے روز مزید 9میچوں کا فیصلہ ہو گیا ،شاہ فیصل اور گارڈن فائٹر نے مسلسل دو میچوں میں کامیابی سمیٹ لی۔منی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد پر جاری ایونٹ کے دوسرے روز پہلے میچ میں گارڈن فائٹر نے الیون اسٹار کو 2-0سے مات دی ،گارڈن فائٹر کے ایم سلمان نے دو جبکہ رفیع احمد نے ایک گول بھی اسکور کیا ۔پنجاب نے ہنزہ یو نائیٹڈ کو 2-0سے زیر کیا جبکہ فاتح ٹیم کے اصمام اللہ نے تین اور پہلوان خان نے ایک گول اسکور کیا ۔ینگ اسٹار نے کراچی کلب کو دل چسپ مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دی ،فاتح ٹیم کے ایم شایان نے تین ،شہر یار علی نے دو اور علی نے ایک گول بھی اسکور کیا ۔ایک اور میچ میں گارڈن فائٹر نے شاہ فیصل کو 2-0سے زیر کر لیا اس کی جانب سے قدوس نے تین گول بھی بنائے ۔الیون اسٹار نے گلگت اسٹار کو 2-0سے شکست دے کر اہم میچ جیتا اس کی جانب سے ایم عاصم ایک بار گیند کو جال میں ڈال سکے ۔ہنزہ یونائیٹڈ نے اپنے دن کے دوسرے میچ میں ینگ اسٹار کو 2-0سے مات دی ،فاتح ٹیم کی جانب سے گری خان نے تین جبکہ ینگ اسٹار کی جانب سے شہریار نے ایک گول اسکور کیا ۔شاہ فیصل نے پہلے میچ میں گلگت ٹائیگر کو2-0سے اور دوسرے میں الیون اسٹار کو 2-0سے ہی مات دے کر گروپ میں دوسری پوزیشن لے لی ،ان میچوں میں احمد نے ایک اور ایم شاہد نے دو گول بنائے ۔ دوسرے دن کا آخری میچ کراچی کلب اور ہنزہ یونائٹڈ کے مابین ہوا جس میں کراچی کلب نے 2-0سے کامیابی سمیٹی ،فاتح ٹیم کے راحیل احمد اور ہنزہ کے ایم ناظم نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔دوسرے دن کے میچوں میں پاکستان روک بال فیڈریشن کی سیکریٹری ام کلثوم لیلیٰ مہمان خصوصی تھیں جبکہ اس موقع پر فیڈریشن کے سینئر نایب صدر مقبول آرائیں بھی موجود تھے ۔ایونٹ میں آج مزید چھ میچز کھیلے جائیں گے ۔