ہرارے (سپورٹس لنک رپورٹ) زمبابوین کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، ابتدائی طور پر زمبابوے نے آئندہ برس جنوری میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا تھا تاہم اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز اکتوبر میں کھیلی جائے گی۔ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، معاملات طے ہونے کے بعد حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین چوہدری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے بورڈز حکام نے سیریز کے شیڈول میں تبدیلی پر اصولی طور پر اتفاق کر لئے ہیں، ہم نے جنوری میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا انعقاد کرنا ہے اسلئے حکام نے زمبابوے کے خلاف اکتوبر میں سیریز کھیلنے کو بہتر سمجھا ہے تاہم ابھی چند چیزوں کا طے ہونا باقی ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے زمبابوے کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی مکمل ہوم سیریز کی میزبانی کرنی ہے۔