لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا بہت ٹیلنٹ ہے اور سپورٹس بورڈ پنجاب اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے، جشن آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں جن سے نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آرہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کے روز منی ہاکی سٹیڈیم میں 71 ویں جشن آزادی انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، اولمپیئن نوید عالم و دیگر بھی موجود تھے، ٹورنامنٹ میں فائنل کا فیصلہ پنلٹی شوٹس پر ہوا جس میںڈویژنل پبلک سکول نے ایچی سن کیمپس بوائز ہائی سکول کو 4-2سے شکست دیدی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا منی ہاکی سٹیڈیم آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ٹیموں کا ڈی جی سپورٹس پنجاب سے تعارف کرایا گیا، کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے،اولمپیئن نوید عالم اور یونیک گروپ آف کالجز کے ایڈیشنل مینجر سپورٹس حبیب اظہر نے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کو شیلڈ پیش کی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کیلئے کام کررہا ہے
ہاکی کی ترقی اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے منی ہاکی سٹیڈیم کی تعمیر نو کی گئی ہے اس میں آسٹروٹرف بھی بچھائی گئی ہے اور نئی فلڈ لائٹس بھی لگائی گئی ہے اس کے علاوہ سٹیڈیم میں تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ کھلاڑی لگن کے ساتھ کھیل میں حصہ لے سکیں ، فلڈ لائٹس کی تنصیب سے اب کھلاڑی 24گھنٹے ہاکی کھیل سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ منی ہاکی سٹیڈیم سے ٹاپ کلاس کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے جس سے ملک میں ہاکی بہتر ہوگی ۔
ہاکی اولمپیئن نوید عالم نے ہاکی کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے ہاکی کا کھیل دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔جشن آزادی انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹائون اور ایچی سن کیمپس بوائز ہائی سکول کے مابین منی ہاکی سٹیڈیم میں کھیلا گیا، دونوں ٹیموں نے وقت ختم ہونے تک ایک ایک گول کیا، میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹس پر ہوا جس میںڈویژنل پبلک سکول نے ایچی سن کیمپس بوائز ہائی سکول کو 4-2سے شکست دیدی۔