کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پاکستان پر مہربان ہوگئی، 14سال کے طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل ایونٹ ’’ہاکی اوپن سیریز‘‘ کی میزبانی سونپ دی۔ ایف آئی ایچ نے ٹورنامنٹ پنڈی سے لاہور منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایچ ایف کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ نوید عالم کا کہنا ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی معاونت سے ہونے والے ایو نٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔ غیر ملکی ٹیموں کی بھرپور میزبانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ برس بعدایف آئی ایچ ایونٹ کی میزبانی سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔ 22ستمبر سے 30 ستمبر تک لاہور میں شیڈول ہاکی اوپن سیریز میں اومان، بنگلہ دیش، ترکی، قازقستان، چین اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ یاد رہے کہ 2004 میں پاکستان نے آخری بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تھی۔ پی ایچ ایف حکام اپنے طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ ہاکی اوپن سیریز میں پاکستان کی جونیئر ٹیم کو ایونٹ کا حصہ بنایا جائے، اس حوالے سے فیڈریشن عہدیدار ایف آئی ایچ سے باقاعدہ رابطے میں ہیں۔