اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)ایشین گیمز میں پاکستان کی شرمناک کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ سات روز کی جدوجہد کے بعدپاکستانی ٹیم ایک برانز میڈل حاصل کرپائی ہے۔کھیلو ں کو فروغ دینے کے نام پر ایشین گیمز میں ایسوسی ایشنز کے قبضہ مافیا کی کارکردگی عیاں ہوگئی ہے۔اسپورٹس حلقوں کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان چونکہ خود بھی ٹاپ کے اسپورٹس مین رہے ہیں اس لئے عالمی سطح پر پاکستانی ٹیموں کی شرمناک کارکردگی کا انہیں خود بھی جائزہ لینا ہوگا۔ سپورٹس حلقوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ایشین گیمز میں ناقص کارکردگی کی تحقیقات کی جائیں اور قصور کھلاڑیوں اور آفیشلز کو قرار واقعی سزا دی جائے، کھیلوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے یہ بھی کہا ہے کہ جس طرح وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کرکٹ کی جانب توجہ دی ہے اسی طرح انہیں چاہئے کہ وہ ملک میں باقی کھیلوں پر بھی توجہ دیں اور عالمی سطح پر جگ ہنسائی کا سبب بننے والی فیڈریشن اور ان کے کرتا دھرتا افراد کو فارغ کرکے کھیلوں کیلئے درد مند دل رکھنے والے افراد کو سامنے لایا جائے۔