لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور اے بی ڈویلیئر بھی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے۔ہر گزرتے برس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور کرکٹ کے بڑے بڑے ستارے اس کہکشاں میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔اور اب اطلاعات ہیں کہ کرکٹ کی دنیا میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بالرز کے چھکے چھڑانے والے دنیا کے بڑے کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل فور کھیلیں گے۔پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی اس حوالے سے اشارہ دیا گیا تھا اور کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے صارفین کی بڑی تعداد نے یہی اندازہ لگایا تھا کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔اور اب متعدد ذرائع نے بھی اے بی ڈویلیئرز کے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بننے کی تصدیق کر دی ہے۔پی ایس ایل سے جڑے ایک ذرائع نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے لیے آ رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وہ تقریباً 3 ہفتوں کے لیے دستیاب ہوں گے، یعنی وہ 7 میچز کھیلیں گے۔خیال رہے کہ ڈویلیئرز کا شمار دنیا کے عظیم بلے بازوں میں ہوا ہے اور انہوں نے کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ سے بھی مذاکرات میں مثبت اشارے ملے ہیں اور امید ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی بھی پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔دوسری جانب فر نچائزز مالکان کی جانب سے پی ایس ایل سیکریٹریٹ سے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ وہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے لیے اپنے کھلاڑیوں کا چناؤ کر سکیں۔اس حوالے سے ایک ذرائع نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی حتمی فہرست کا عمل اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا اور اگلے ماہ کے وسط تک آئندہ پی ایس ایل کا ڈرافٹ بھی مکمل ہو جائے گا۔