دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)14 واں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جارہا ہے۔ کئی کھلاڑی اسی ایونٹ میں پرفارم کرکے لیجنڈ پلیئرز بنے۔ موجودہ ایشیا کپ میں بھی کئی عظیم کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے مگر ان میں سے 5 بڑے کھلاڑی ممکنہ طور پر اپنا آخری ایشیاکپ کھیلیں گے۔ 1999 میں ڈیبیو کرنے والے شعیب ملک 156 ون ڈے وکٹ اور 7 ہزار کے قریب رنز بناچکے ہیں ،36 سالہ اسپن آل رائونڈر ورلڈ کپ 2019 کے بعد ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بھارت، پاکستان اور جنوبی افریقا کے خلاف اپنی قیادت میں بنگلہ دیش کو سیریز جتوانے والے آل رائونڈر مشرفی مرتضیٰ بھی کیریئر کے اختتام پر ہے ۔ خود کو پہلے ہی محدود اوورز کی کرکٹ کے لئے مختص کر چکے ہیں ۔34 سالہ مشرفی بھی ورلڈ کپ 2019 کے بعد کرکٹ میدانوں سے رخصتی کے خواہش مند ہیں ۔ 2004 میں ڈیبیو کرنے والے بھارتی وکٹ کیپر دینش کارتھک گزشتہ 2 سال سے اگرچہ مسلسل ٹیم میں کھیل رہے ہیں مگر ان کا بھی یہ آخری کپ ہوسکتا ہے۔ لاستھ ملنگا سری لنکن تاریخ کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں ۔ البتہ فٹنس مسائل کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے ون ڈے ٹیم سے باہر ہیں، سلیکٹرز نے انہیں حیران کن طور پر ایشیا کپ اسکواڈ میں شامل کیا ہے ، 35 سالہ کرکٹر کا یقینی طور پر یہ آخری کپ ہوگا۔ سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کا بھی یہ آخری ایونٹ ہوگا۔37 سالہ دھونی ورلڈ کپ 2019 کے بعد ریٹائر ہوسکتے ہیں ۔