دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا ہے اور افتتاحی معرکے میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، پہلی اننگز مکمل ہو چکی ہے جس میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے سری لنکا کو جیت کیلئے 262رنز کا ہدف دیدیا ہے،بنگلہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 144رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ سری لنکا کی جانب سے طویل عرصے کے بعد ٹیم کا حصہ بننے والے ملنگا نے چار بنگلہ دیشی بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ ددکھائی، تفصیلات کے مطابقمتحدہ عرب امارات میں بنگال ٹائیگرز کے کپتان مشرفی مرتضی نے لنکن ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹائیگرز کی اننگز کی ابتداء بلکل اچھی نہ رہی اور ملنگا نےٹیم میں واپس آتے ہی پہلے ہی اوور میں ٹائیگرز کے 2 بیٹسمینوں کو پویلین پہنچا دیا پھر تمیم اقبال دوسرے اوور میں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گرائونڈ سے باہر چلے گئے۔بنگلہ دیش نے خراب شروعات پر ہمت نہیں ہاری اور مشفیق الرحیم اور محمد متھن نے ٹیم کی ڈوبتی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے نکالا اور تیسری وکٹ پر 131رنز جوڑ دیے ،134کے مجموعی اسکور پر محمد متھن 63رنز بنا کر ملنگا کی تیسرے وکٹ بن گئے۔شراکت کے ٹوٹنے کے بعد مشفیق الرحیم کے علاوہ ٹیم کا کوئی بیٹسمین لنکن بولرز کا مقابلہ نہ کرسکا اور ایک،ایک کرکے ٹیم کی وکٹیں گرتی گئیں تاہم مشفیق الرحیم آخر تک ڈٹے رہے اور 4چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے شاندار 144رنز کی اننگز کھیل ڈالی
وہ ٹیم کے آئوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے۔مشفیق الرحیم اس سنچری کے ساتھ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کی جانب سے 2 سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔آخری وکٹ پر دوبارہ بیٹنگ کے لیے آنے والے بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے ایک ہاتھ سے بیٹنگ کی اور مشفیق الرحیم کے ساتھ اہم 32رنز کی شراکت قائم کی ۔ادھر لنکن بولرز کی جانب سے لاستھ ملنگا نے 4، دننجایا ڈی سلوا 2جبکہ لکمل،اپونسو اور پریرا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔