نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی ہاکی ٹیم کے سینئر اور مایہ ناز کھلاڑی سردار سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ جب رواں سال کامن ویلتھ گیمز کیلئے مجھے بھارتی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا تو میں بہت زیادہ مایوس تھا اوراس وقت میں نے سچن ٹنڈولکر کو ٹیلی فون کیا اور ان سے پوچھا کہ جب آپ صفر پر آئوٹ ہو جاتے ہیں توکیا کرتے ہیں، سردارسنگھ نے کہاکہ سچن ٹنڈولکر نے اس موقع پر میرا حوصلہ بڑھایا تھا اور کہا تھاکہ کیریئر میں اچھا اور برا وقت آتا جاتا رہتا ہے آپ صرف اورصرف اپنے کھیل پرتوجہ دو اورمیں نے اس بات کے بعد بھرپور محنت اور ٹیم میں واپس جگہ بنائی، سردار سنگھ جوہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں نے مزید کہا کہ میرا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی ہے کیونکہ ایک روز تو یہ فیصلہ کرنا ہی تھا اب میں اپنے اہلخانہ کو زیادہ سے زیادہ وقت دوں گا انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ میں نے اچانک نہیں کیا بلکہ اپنے اہلخانہ،دوستوں اورکوچز سے مشاورت کے بعد دیا ہے میں تمام دوستوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ میری ہمت بندھی،انہوں نے کہا کہ میں نے ہاکی سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ بھارت کیلئے بھرپورانداز سے ہاکی کھیلی ہے۔