جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ بورڈ نے ایک باررواں سال ٹی ٹونٹی لیگ کرانے کا اعلان کیا ہے، اعلان کے مطابق ٹی ٹونٹی لیگ نو نومبر تا سولہ دسمبر تک کھیلی جائیگی ،جنوبی افریقہ نے مقامی اور بین الاقوامی کرکٹرز کو اس ٹی ٹونٹی لیگ میں شرکت کی دعوت دی ہے،یاد رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ کرانے کا اعلان کیا تھا مگر یہ گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ نہ ہوسکی جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کو تقریباً چودہ ملین ڈالرز کا نقصان ہوا تھا، رواں سال نومبر میں شروع ہونے والے اس اعلان کردہ ٹی ٹونٹی لیگ میں چھ ٹیمیں شرکت کرینگی جس کے میچوں کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائیگا،اعلان کے مطابق ہرٹیم میں سولہ کھلاڑی شامل ہونگے جس میں کم سے کم تین اور زیادہ سے زیادہ چار کھلاڑی اوورسیز ہونگے، فارمیٹ کے مطابق لیگ میچوں کی تعداد 30 ہو گی جس کے بعد ناک آئوٹ مرحلہ اور فائنل ہوگا، ٹی ٹونٹی لیگ میں کھلاڑیوں کے درخواست دینے کی آخری تاریخ دو اکتوبر ہے جبکہ ڈرافٹنگ سترہ اکتوبرکو ہوگی۔