اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ بیس بال سوفٹ بال کنفیڈریشن نے بیس بال کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ رینکنگ میں ٹیموں کی انڈر 12سے سینئر ٹیموں تک کی کارکردگی کو شامل کیا گیا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال پاکستان کی انڈر 12بیس بال ٹیم نے دسویں انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ جو کہ تائیوان میں منعقد ہوئی اس میں حصہ لیا۔ ٹیم نے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ میچز میں ہانگ کانگ اور انڈیا کی ٹیموں کو شکست دی۔ پاکستان نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلی بار براؤنز میڈ ل میچ کھیلا جس میں اسے ورلڈ نمبر 2 جاپان کے ہاتھوں شکست ہوئی ۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ سید فخر شاہ نے بتایا کہ پاکستان کی سینئر بیس بال ٹیم نے بھی اس سال اٹھارہویں ایشین گیمز جوکہ جکارتہ انڈونیشیا میں منعقد ہوئیں میں حصہ لیا۔
پاکستان کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ جبکہ تائیوان (ورلڈ نمبر 5) اور چائنا (ورلڈ نمبر 20) کے خلاف میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان ٹیم نے گیمز میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ سید فخر شاہ نے مزید بتایا کہ پاکستان انڈر 12اور سینئر ٹیم کی عمدہ پرفارمنس نے رینکنگ کو بہتر بنانے میں بہت مدد کی۔ پہلے پاکستان انتیسویں نمبر پر تھا جبکہ اب ترقی کرکے تئیسویں نمبر پر آگیا ہے۔ پاکستان کی رینکنگ میں بہتری اگلے ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر میں شرکت کے لئے مدد گار ثابت ہوگی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید نے رینکنگ میں بہتری پر پاکستان فیڈریشن بیس بال اور پاکستان ٹیم کو مبارکباد دی ۔