کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)بیڈمنٹن کی قومی چیمپئن ماہورشہزاد کو ایشیا اولمپک پراجیکٹ پروگرام کے تحت ہونے والے ٹورنامنٹس کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے، اب ماہور شہزاد مصر، دبئی، بحرین اور نیپال میں منعقدہ ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگی، ان ٹورنامنٹس کیلئے ایشیا سے بیس کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ماہور شہزاد پروگرام میں شامل واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں، ٹورنامنٹس کا آغاز رواں ماہ ہوگا جبکہ یہ نومبر تک جاری رہینگے، اس حوالے سے ماہور شہزاد نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک میں قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لے رہی تھی تاہم اب میں بین الاقوامی مقابلوں میں بھی شرکت کرکے کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہوں، ماہور شہزاد نے کہا کہ میرا ہدف اولمپکس 2020 میں شرکت کرنا ہے تاہم اس کیلئے مجھے عالمی درجہ بندی کی پہلی 70 کھلاڑیوں میں جگہ بنانی ہے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کروں، رواں سال ماہور شہزاد نے نیپال میں ہونے والے بین الاقوامی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔