راجکوٹ (سپورٹس لنک رپورٹ)پرتھوی شاؤ، ویرات کوہلی اور جدیجہ کی شاندار سنچریوں اور پوجارا کے 86 رنز کی بدولت بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی، بھارت ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 649 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، پرتھوی شاؤ 134، ویرات کوہلی 139 جدیجہ ناقابل شکست 100اور پوجارا 86 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیشو نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بھارتی باؤلرز کے سامنے ویسٹ انڈیز ٹیم ڈٹ کر مقابلہ کرنے میں ناکام رہی اور دوسرے روز میچ ختم ہونے تک محض 94 رنز بناسکی اور اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی طرف سے شامی نے دو جبکہ ایشون، جدیجہ اور یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جمعہ کو کھیل کے دوسرے دن کے آغاز پر بھارت نے 364 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو ویرات کوہلی 72 اور پانت 17 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 133 رنز کی شراکت بنی تاہم پانت 8 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور 92 رنز بنا کر بشو کی گیند پر پاؤل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بھارت کے دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں روی چندرن ایشونت 7، کلدیپ یادیو 12، امیش یادیو 22 اور ویرات کوہلی 139 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندرا جدیجہ 100 اور محمد شامی 2 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے کہ بھارت نے 649 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔جواب میں ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو اسے شروع میں ہی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور اوپنر براتھ ویٹ 2 اور پاؤل ایک رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز کے بیسٹمین ہوپ 10 ، ہٹ مائر 10، ایمبریز 12 اور ڈوریچ 10 رنز بنا کر پویلین کو لوٹے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے 94 رنز بنائے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے چیز27 اور پاؤل 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ بھارت کی طرف سے محمد شامی نے 6 اوورز میں 11 رنز دیکر 2، ایشونت نے 7 اوورز میں 32 رنز دیکر ایک، جدیجہ نے 5 اوورز میں 9 رنز دیکر ایک اور کلدیپ یادیو نے 4 اوورز میں 19 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کو بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 555 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی صرف 4 وکٹیں باقی ہیں۔