ابوظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، آسٹریلوی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز 282 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر ڈھیر ہو گئی، عباس اور بلال آصف کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے کینگروز بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 144 رنز بنا کر مجموعی طور پر 281 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، فخر زمان اور اظہر علی نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی،فخر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، اظہر علی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ گزشتہ روز ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 20 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو فنچ 13 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے چوتھے ہی اوور میں محمد عباس نے شان مارش کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، مارش 3 رنز بنا کر چلتے بنے، ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنانے کے بعد عباس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مچل مارش بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 13 رنز بنانے کے بعد یاسرشاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 85 کے سکور پر کینگروز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب فنچ 39 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے
کپتان ٹم پین کو بھی بلال نے سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 3 رنز پر چلتا کیا، لبوشگنے 25 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے، نیتھن لیون 2 رنز بنا سکے، 145 کے سکور پر آسٹریلیا کی آخری وکٹ گری جب سٹارک 34 رنز بنانے کے بعد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسطرح پاکستان کو 137 رنز کی برتری مل گئی، جواب میں پاکستانی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 144 رنز بنا کر مجموعی طور پر 281 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، 15 کے سکور پر پاکستان کو محمد حفیظ کا نقصان اٹھانا پڑا جو صرف 6 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر فخر زمان نے اظہرعلی کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ میں 91 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 106 تک پہنچا دیا،فخر نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی دلیرانہ بیٹنگ کی اور 66 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد اظہر اور حارث سہیل نے دن کا کھیل ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اظہر 54 اور حارث 17 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، سٹارک اور لیون نے ایک، ایک وکٹ لی۔