کولکتہ (سپورٹس لنک رپورٹ) بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل اتوار کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائیگا۔ ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں عبرتناک شکستوں کے بعد کالی آندھی کو اب ٹی ٹونٹی سیریز میں میزبان ٹیم کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے مہمان ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا جبکہ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دی تھی۔ کالی آندھی کو دو مرتبہ ٹی ٹونٹی عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے اور اس کا شمار ٹی ٹونٹی کی خطرناک ٹیموں میں کیا جاتا ہے، دوسری جانب بھارتی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا ایڈونٹیج حاصل ہو گا اسلئے سیریز میں دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 6 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 11 نومبر کو کھیلا جائیگا۔