لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈیسکون سپر لیگ سیزن IIکے پہلے رائونڈ کیلئے جاری مقابلوں میں مزید 6میچز کھیلے گئے جس میں نیسپاک ، ٹیٹرا پیک، ڈیسکون ، ایف بی آر، فاطمہ گروپ اور نیسلے نے کامیابی حاصل کی ۔ویلنشیا ء کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیسپاک نے ایبکس کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ۔فاتح ٹیم کے عاشر وقار 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار پائے ۔اسی گرائونڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ڈیسکون اورایگزونوبل کی ٹیمیں مد مقابل آئیں جس میں ڈیسکو ن نے 137 رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹی ۔
ڈیسکون کی جانب سے محمد مبشر نے 3 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بناتے ہوئے 109 رنز کی اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ۔ڈیسکون کے وسیم ولیم نے مخالف ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ٹائون شپ وائٹس کرکٹ گرانڈ میں کھیلے گئے میچ میںٹیٹرا پیک نے آئی سی آئی پاکستان کو 48 رنز سے شکست دی ۔ٹیٹرا پیک کے ضیا ء الدین نے67رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا ۔
اسی میدان میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں موبلنکجاز اور فاطمہ گروپ کی ٹیمیں میدان میں اتریں اورفاطمہ گروپ نے موبلنک جاز کو 28 رنز سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم فاطمہ گروپ کے طبریز شاہ کو مین آف دی میچ دیا گیا ۔ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں نیسلے اور ہنڈا کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میںنیسلے نے ہنڈا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
نیسلے کے حامد حیات کو59رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے کے ساتھ مخالف ٹیم کے تین کھلاڑی کو آئوٹ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔
دوسرے میچ میں ایف بی آر نے آواری کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔فاتح ٹیم ایف بی آر کے آغا علی کو 43 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔