ہوبارٹ (جی سی این رپورٹ)جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں کپتان فیف ڈیوپلیسی اور ڈیوڈ ملر کی شاندار بلے بازی کی بدولت 40 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-1 سے جیت لی۔ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان آسٹریلیا کے کپتان ارون فنچ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔جنوبی افریقہ کے دونوں اوپنرز 26 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد میکرام نے کپتان فیف ڈیوپلیسی کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔کوئنٹن ڈی کوک 4 اور ہینڈرکس 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میکرام 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت جنوبی افریقہ کا اسکور 55 رنز تھا۔فیف ڈیوپلیسی اور ڈیوڈ ملر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 252 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا اسکور 307 رنز تک پہنچایا اور میزبان ٹیم کے کپتان کے فیصلے کو یکسر غلط ثابت کردیا۔آسٹریلیا کے ایسٹوئنز نے 125 رنز پرکھیلنے والے ڈیوپلیسی کو آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ گرائی جس کے بعد 318 رنز پر ڈیوڈ ملر بھی آؤٹ ہوئے۔ڈیوڈ ملر نے 108 گیندوں پر 13 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے شاندار 139 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 320 رنز بنا کر آسٹریلیا کی نوجوان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور اسٹوئنز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز بھی مایوس کن تھا کیونکہ کپتان فنچ اور کرس لین 18 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے تھے تاہم شان مارش نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔اسٹوئنز نے باؤلنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور مارش کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 63 رنز بنائے لیکن اپنی ٹیم کو میچ اور سیریز میں شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔مچل مارش 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیرے 42 اور گلین میکسویل 35 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز تھے۔آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 280 رنز بنا سکی۔جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین اور رابادا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں،آسٹریلیا کو میچ میں 40 رنز سے شکست ہوئی اور اسی کے ساتھ سیریز میں میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔مہمان ٹیم کے ڈیوڈ ملر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے میدان مارلیا تھا جو ان کی 7 میچوں کے بعد پہلی کامیابی تھی۔