کینڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) انگلش ٹیم دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں فتح کے قریب پہنچ گئی، میزبان سری لنکن ٹیم پر شکست کے سیاہ بادل منڈلانے لگے، انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 346 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 301 رنز کا ہدف دیا، بین فوکس نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، دانن جایا نے 6 وکٹیں لیں، جواب میں سری لنکن ٹیم نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا لئے تھے، میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے مزید 75 رنز اور مہمان ٹیم کو 3 وکٹیں درکار ہیں، اینجلو میتھیوز 88 اور کرونارتنے 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیک لیچ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہفتے کو کینڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 324 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو بین فوکس 51 اور جیمز اینڈرسن 4 رنز پر کھیل رہے تھے، مہمان ٹیم 346 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے سری لنکا کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 301 رنز کا ہدف دیا، فوکس 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اینڈرسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دانن جایا نے 6، پریرا نے 3 اور پشپاکمارا نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور 26 کے سکور پر اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، کوشل سلوا 4، دھنن جایا ڈی سلوا اور کول مینڈس ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر دیمتھ کرونارتنے اور میتھیوز نے مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 103 کے سکور پر عادل رشید نے کرونارتنے کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی
انہوں نے 57 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد میتھیوز اور روشن سلوا نے پانچویں وکٹ میں 73 اہم رنز جوڑ کر سکور 176 تک پہنچا دیا، یہاں پر معین علی نے روشن سلوا کو آؤٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، سلوا نے 37 رنز بنائے، 221 کے سکور پر میزبان سری لنکن ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب میتھیوز جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 88 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، دلروون پریرا 2 رنز بنا کر چلتے بنے، بارش کے باعث چوتھے روز جب کھیل کو ختم کیا گیا تو سری لنکن ٹیم نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 226 رنز بنا لئے تھے، میزبان آئی لینڈرز کو کامیابی کیلئے مزید 75 رنز اور مہمان انگلش ٹیم کو 3 وکٹوں کی ضرورت ہے، ڈکویلا 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیک لیچ نے 4، معین علی نے 2 اور عادل رشید نے ایک وکٹ لی۔