برسبین(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلیا نے بھارت کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 4 رنز سے شکست دے دی۔برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ کے دوران بارش کے باعث میچ کو 17 اوورز تک محدود کیا گیا تو اس وقت تک کینگروز ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 174 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مقررہ 17 اوورز میں بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔اوپننگ بلے باز روہت شرما صرف 7 رنز بناسکے تاہم شیکر دھاون نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔لوکیش راہل 13، کپتان ویرات کوہلی 4 اور رشبا پانت 20، کارتھک 30 اور پانڈیا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور مارکس اسٹونس نے 2،2 ، جیسن برنڈروف، بلی اسٹینلیک اور اینڈریو ٹائی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 158 رنز کی اننگز کھیلی جس میں گلین میکسویل 46 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے، کرس لین 37، مارکس اسٹونس 33 اور کپتان ایرون فنچ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔