پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والی قائداعظم یوتھ گیمز میں انفرادی اور ٹیم ایونٹس میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں 24 لاکھ 50 ہزار سے زائد نقد انعامات تقسیم کر دیئے، مرد کھلاڑیوں نے 13 گولڈ، 16 سلور اور 36 برونز میڈلز جبکہ خواتین کھلاڑیوں نے آٹھ گولڈ، آٹھ سلور اور 15 برونز جیتے تھے صوبے نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی، مرد کھلاڑیوں میں 17 لاکھ 59 ہزار جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں سات لاکھ 14 ہزار روپے تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلے میں قیوم سپورٹس کمپلیکس میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخواجنید خان اور سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان تھے ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیز اللہ، کھیلوں کی مختلف ایسوسی ایشنوں کے عہدیدار اور کھلاڑی تقریب میں شریک ہوئے۔ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے سکواش، بیڈمنٹن، ٹینس، ٹیبل ٹینس، کراٹے، جوڈو، اتھلیٹکس، نیٹ بال، ہاکی، تائیکوانڈو، کبڈی، باکسنگ، ریسلنگ، ویٹ لیفٹنگ، سنوکر، ووشو، والی بال، بیس بال میں حصہ لیا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ ٹیلنٹ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی، صوبائی حکومت نے کھلاڑیوں کو تعلیم جاری رکھنے کے لئے سکالرشپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے کوہاٹ میں کھلاڑیوں میں سکالرشپ کی رقم تقسیم کر دی گئی ہے دیگر اضلاع بھی جلد تقسیم کی جائے گی، میٹرک، ایف اے، بی اے اور ایم اے کرنے والے کھلاڑیوں کو علی الترتیب ماہانہ ایک ہزار، دو ہزار، تین ہزار اور چار ہزار روپے دیئے جارہے ہیں پروگرام سے مجموعی طور ایک ہزار سے زائد کھلاڑی مستفید ہوں گے جن کے لئے حکومت نے 20 کروڑ روپے مختص کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم گیمز میں صوبے کے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جس کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی ، سوات اور لکی مروت کے کھلاڑیوں نے گیمز میں اچھی کارکردگی دکھائی لکی مروت کو ایک دو روز میں میٹ فراہم کر دی جائے گی جبکہ مالاکنڈ میں میٹ اور انڈور جگہ کا جلد بندوبست کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو کوچنگ اور پریکٹس کا موقع ملتا تو وہ گیمز میں مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے انڈر 23 گیمز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے جو آگے چل کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کھلاڑیوں کو سامان اور کھیلوں کی سہولت کی بندوبست کے لئے پانچ کروڑ روپے کا پراجیکٹ منظور کرلیا ہے جس پر اگلے چند ہفتوں میں عملدرآمد شروع کیا جائے گا کھلاڑیوں تک ان کا حق ہر صورت میں پہنچایا جائے گا سامان کے معیار اور کھیلوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ایسوسی ایشنیں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو آگے لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ایسوسی ایشنوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں ان سے مشاورت کی جائے گی اور ان کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔