لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے ،اس کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب صوبہ میںہاکی کی بحالی کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، ہاکی کی ترقی سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈرمیں شامل ہے، انڈر16 کھلاڑیوں کو ہاکی کی تربیت دینا ضروری ہے تاکہ قومی دھارے میں نیا ٹیلنٹ شامل ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرا ت کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن جہلم کے صدر نوید صفدر اور سائپرس ہاکی کلب جہلم کے عہدیداران کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ہاکیاں، بال اور مکمل ہاکی کٹس فراہم کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹرز رئوف باجوہ، شاہد نظامی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریئس الرحمٰن ، ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر نوید صفدر، نائب صدر طارق محمود اور سائپرس ہاکی کلب کے کپتان شاہد اسلم بھی موجود تھے
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزیدکہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام گوجرہ میں انڈر 16کھلاڑیوں کا ہاکی کیمپ جاری ہے جس میں ماہر کوچز نئے کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں، ہاکی کی ترقی اور بحالی کے لئے نیا ٹیلنٹ شامل کرنا ضروری ہے جس کے لئے اقدامات کررہے ہیں تاکہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ایک بار پھر عروج حاصل کرے، ہاکی کی بحالی کے لئے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں، نوجوان ہاکی کھیلیں اور اپنا ٹیلنٹ ظاہر کریں سپورٹس بورڈ پنجاب ان کو ہر طر ح کی سہولتیں فراہم کرے گا، ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن جہلم کے صدر نوید صفدر، نائب صدر طارق محمود ، سائپرس ہاکی کلب کی ٹیم کے کپتان شاہد اسلم نے اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور ہاکی کی ترقی کے لئے جو اقدامات کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے انڈر 14اور 16کھلاڑیوں کیلئے ہاکیاں، بال اور مکمل ہاکی کٹس ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن جہلم کے صدر نوید صفدر اور سائپرس ہاکی کلب جہلم کے کپتان شاہد اسلم کے حوالے کیں۔