اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام 18ویں قومی نیٹ بال چمپئن شپ 29 مارچ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگی۔پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے بتایا کہ چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی 18 ٹیموں کو دعوت بھیج دیئے گئے ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائرایجوکیش کمیشن، لاہور گرامرز سکول، لمز یونیورسٹی لاہور، پاکستان انٹر بورڈز، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ چمپئن شپ میں پہلی ٹاپ پانچ پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں کوئٹہ میں کھیلی جانے والی نیشنل گیمز میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ چمپئن شپ کا فائنل 2 اپریل کو کھیلا جائیگا جس کے اختتام پر چمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کئے جائیں گے۔