سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی-20 ورلڈ کپ 2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔آئی سی سی کی جانب سے آئندہ برس آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے مردوں اور خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے الگ الگ شیڈول کا اعلان کیا۔مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا اور یہ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں کل 16 ٹیمیں 45 میچز کھیلیں گی۔آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز 7 شہروں سڈنی، میلبرن، ایڈیلیڈ، پرتھ، ہوبارٹ، برسبین اور جیولانگ میں کھیلے جائیں گے۔ابتدائی طور سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت 6 ٹیمیں راؤنڈ ون کھیلیں گی، جن میں سے 4 ٹیمیں سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔جس کے بعد ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 24 اکتوبر کو سپر 12 مرحلے سے ہوگا جہاں پہلا میچ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔سپر 12 مرحلے میں ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو الگ الگ گروپ میں رکھا گیا ہے۔گروپ اے میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ونڈیز (ویسٹ انڈیز) اور 2 کوالیفائر شامل ہوں گے جبکہ گروپ بی میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، افغانستان اور 2 کوالیفائر ہوں گے۔2018 کا ٹی ٹوئنٹی ورکپ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے 25 اکتوبر 2020 کو نیوزی لینڈ سے ٹکرائے گی۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز کی بات کی جائے تو قومی ٹیم 24 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ اپنا پہلا میچ کھیلنے کے بعد 29 اکتوبر کو کوالیفائر ٹیم سے دوسرا میچ کھیلے گی۔31 اکتوبر کو قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا، 3 نومبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھا جبکہ 6 نومبر کو کوالیفائٹر ٹیم سے راؤنڈ مرحلے کا آخری میچ کھیلے گی۔مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 11 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جبکہ دوسرا سیمی فائنل 12 نومبر کو ایڈیلیڈ اول میں کھیلا کائے گا۔ایونٹ کا فائنل اتوار 15 نومبر 2020 کو دنیا کے سب سے بڑے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔