کوئٹہ (سپورٹس لنک رپورٹ )وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کے ساتھ مل کر صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے عزم کا اظہار کردیا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں بشمول انور علی ٹیم انتظامیہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس کی ویڈیو گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی۔ملاقات کے دوران وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ مقامی کھلاڑی بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں جس کی بہت خوشی ہے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے ٹیم کے ہمراہ ونڈیز کے عظیم کھلاڑی سر ووین ریچرڈز کی موجودگی کو کھلاڑیوں کے لیے سنہری موقع قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ہی نہیں بلکہ پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ان جیسے عظیم کرکٹرز کے تجربے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کریں۔صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کے ساتھ مل کر صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق ایک منصوبہ ترتیب دیں۔پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی موجودگی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس سے بلوچستان اور صوبائی حکومت کا نام آگے آرہا ہے جو ہمارے لیے بہت اچھا ہے۔ٹیم انتظامیہ کی جانب سے جام کمال کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اسٹیڈیمز میں دیکھنے کی دعوت دی گئی تو انہوں نے اس دعوت کو قبول کرلیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر کوئٹہ کی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم ضرور جائیں گے۔انہوں نے اختتام میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔