صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی سے ادارہ منہاج القرآن کے وفد کی ملاقات، سپورٹس گالا میں شرکت کی دعوت دی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی سے ادارہ منہاج القرآن کے وفد نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی، وفد میں سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالحفیظ چوہدری اور ڈائریکٹر تعلقات عامہ شہزاد رسول شامل تھے، ملاقات میں سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے فروغ کیلئے سب سے تعاون کررہا ہے، پنجاب میں سپورٹس کا کلچر بحال کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں، 8سال بعد پنجاب گیمز منعقد کرائی گئی ہیں جس میں ہزاروں کھلاڑیوں نے شرکت کی، اسی طرح سالانہ سپورٹس کیلنڈر بھی 8سال بعد بحال کیا ہے جس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے، نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر ان ایونٹس میں حصہ لیا، اگلے ماہ نیشنل گیمز پشاور منعقد ہورہی ہیں جن کی بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں، ہم پرامید ہیں کہ پنجاب کا دستہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا ، نیشنل گیمز پشاور کی تیاری کے لئے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، ادارہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں سپورٹس کی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے، نجی تعلیمی ادار وں کو سپورٹس کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ادارہ منہاج القرآن کی تعلیمی اور مذہبی شعبوں میں خدمات کوسراہتے ہیں۔


وفد نے صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی کو بتایا کہ ادارہ منہاج القرآن کے زیراہتمام 700سکول، متعدد کالجز اور عالمی معیار کی یونیورسٹی چلائی جارہی ہے، ادارہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں اگلے سال سپورٹس گالا منعقد کیا جارہا ہے جس میں سینکڑوں طلبہ و طالبات حصہ لیں گے، وفد نے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کوادارہ منہاج القرآن میں ہونے والے سپورٹس گالا میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت ادارہ کے لئے باعث افتخار ہوگی، وفد نے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کو ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کی تصانیف کا سیٹ پیش کیا۔

error: Content is protected !!