سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جہاں سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ جوش ہیزل وڈ اور پیٹر ہینڈکومب اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر کرکٹ آسٹریلیا نے ایک، ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی جس کا خاتمہ گزشتہ ماہ ہوا ہے۔آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ کی اسکواڈ میں واپسی کے باوجود ورلڈ کپ کے لیے ایرون فنچ کو آسٹریلین ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے۔دونوں کھلاڑیوں نے پابندی کے خاتمے کے بعد سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا لیکن انڈین پریمیئر لیگ میں عمدہ فارم اور تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو عالمی کپ کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے اور اب یہ دونوں یکم جون کو افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں آسٹریلیا کی نمائنددگی کریں گے۔یہ دونوں کھلاڑیوں تو آسٹریلین اسکواڈ کا حصہ بن گئے لیکن اعلان کردہ آسٹریلین دستے میں حیران کن طور پر پیٹر ہینڈزکومب شامل نہیں ہیں۔ہینڈزکومب کا اسکواڈ سے اخراج کسی بڑے دھچکے سے کم نہیں کیونکہ وہ ان دنوں ناصرف بہترین فارم میں تھے بلکہ متبادل وکٹ کیپر کی اضافی ذمے داریاں بھی نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔آسٹریلیا نے 15رکنی اسکواڈ میں 5فاسٹ باؤلرز کو شامل کیا ہے لیکن اس میں جوش ہیزل وڈ جگہ نہ بنا سکے کیونکہ وہ ابھی تک اپنی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے اور آسٹریلین سلیکٹرز ایشز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس حوالے سے خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔
مچل اسٹارک کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے پیٹ کمنز، جھائے رچرڈسن، نیتھن کاؤلٹر نائیل اور جیسن بہرن ڈروف موجود ہوں گے۔ایرون فنچ نے گزشتہ 13ون ڈے میچوں میں آسٹریلین ٹیم کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور 3نصف سنچریوں کی بدولت 43.54 کی اوسط سے رنز اسکور کیے جہاں ان کی بھارت کے خلاف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے 359رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ ہینڈزکومب کا اخراج ہم سب کے لیے مایوس کن ہے لیکن ہمیں چند سخت فیصلے لینا تھے اور بدقسمتی سے ان سخت فیصلوں میں ہینڈزکومب کا نام بھی شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے ہمارے پاس اس حد تک بہترین صلاحیت کے حامل کھلاڑی دستیاب ہیں کہ ہم بہترین فارم کے حامل کھلاڑی کو اسکواڈ سے باہر بٹھا رہے ہیں۔آسٹریلین چیف سلیکٹر ٹریور ہونز نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ اور ان کے درمیان سخت مقابلے کو دیکھتے ہوئے ہمارے لیے 15رکنی اسکواڈ کا انتخاب انتہائی مشکل فیصلہ تھا جس کے لیے ہمیں چند انتہائی سکت فیصلے لینا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے اسکواڈ میں شامل ہینڈزکومب، ایشٹن ٹرنر اور کین رچرڈسن کو اس اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جا سکا لیکن ان تینوں کو دورہ انگلینڈ کے لیے آسٹریلین اے کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ان کے ہمراہ ہیزل وڈ بھی مذکورہ اسکواڈ میں شامل ہیں۔اسکواڈ میں ایلکس کیری واحد وکٹ کیپر ہیں اور کسی بھی انجری کی صورت میں آسٹریلیا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس صورت میں متبادل نہ آنے تک یہ ذمے داری وارنر کو انجام دینا پڑ سکتی ہے۔آسٹریلیا نے اسکواڈ میں دو اسپنرز ایڈم زامپا اور نیتھن لایون کو شامل کیا ہے جبکہ عثمان خواجہ بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے آسٹریلیا کا 15رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ایرون فنچ(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، شان مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جھائے رچرڈدسن، نیتھن کاؤلٹر نائیل، جیسن بہرن ڈروف، ایڈم زامپا اور نیتھن لایون۔