بہاولپور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل انٹر سٹی فٹبال ٹورنامنٹ کا رنگا رنگ آغاز برقی قمقموں کی روشنی میں ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور کے سرسبز گراؤنڈ پر ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور شاہزیب سعید نے گیند کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا رسمی افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی ایف اے بہاولپور کے منتخب عہدیداران و ممبران کے علاوہ شریک ٹیموں کے نمائندوں اور شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔ افتتاحی میچ میں کراچی گرین کے مدمقابل گلگت کی ٹیم تھی ۔ دونوں ٹیموں کے عمدہ کھیل سے شائقین فٹبال انتہائی محظوظ ہوئے ۔وقفہ پر مقابلہ 0-0سے برابر تھا ۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے صدر،پاکستان فٹبال فیڈریشن،سید اشفاق حسین شاہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح کے پروگرام کا بہاولپور میں انعقاد کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور فیڈریشن سے توقع رکھتے ہیں کہ آئندہ بھی بہاولپور کے فٹبال لورز اور شائقین کی خواہش کے پیش نظر قومی سطح کے پروگرامز کا یہاں انعقاد کیا جاتا رہے گا۔اس موقع پر صفدر راجپوت، حاجی خالد محمود، جعفر ماما ، رؤف باری و دیگر بھی موجود تھے۔کراچی گرین اور گلگت کی ٹیمیں مقررہ وقت میں گیند کا رخ جال کی جانب نہ موڑ سکیں اور 0-0کی برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔دوسرا مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا جب اسلام آباد اور گوادر کی ٹیمیں نبردآزما تھیں۔ گوادر کا شمار پاکستان کی بہترین فٹبال کھیلنے والی سٹی میں ہوتا ہے لیکن اسلام آباد کے ہاتھوں شکست نے انکے چاہنے والوں کو مایوس کیا۔ گوکہ 24ویں منٹ میں 30گز کی دوری سے ایک زور دار کک کے زریعہ سکند ر نے گیند کو جال میں داخل کرکے گوادر کو 1-0سے پہلے سبقت دلادی تھی لیکن 40ویں منٹ میں حسین نے ایک مشکل زاویہ سے گیند کوگول کیپر کے بائیں جانب پھینک کر مقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔دوسرا دورانیہ بھی انتہائی دلچسپ رہا اور دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر برتری کے حصول میں تابڑ توڑ حملے کرتی نظر آئیں لیکن فائنل وسل سے ایک منٹ قبل عمر سعید نے (89ویں منٹ) میں گیند کو جال کے حوالے کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور اسلام آباد کی ٹیم کو 2-1کی فیصلہ کن برتری کے ساتھ میدان سے باہر لائے۔
میچ کمشنر نعیم زیدی اور ریفریز ایسیسرخالد خان تھے ۔ملتان کے ڈویثرنل اسٹیڈیم میںمیاں جاوید قریشی، عارف محمود، رانا باقر نوید اکرم و دیگر نے شاندار انتظامات کئے ہوئے تھے جہاںجیکب آباد اور خیبر کی ٹیمیں باہم مقابل تھیں۔ جیکب آباد کو سیف اﷲکے زریعہ 43ویں منٹ میں پہلے برتری حاصل ہوئی جسے 59ویں منٹ میں انٹرنیشنل اسٹرائیکر یاسین محمد نے برابری میں تبدیل کردیا۔ مقررہ دورانیہ میں کوئی بھی ٹیم برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور 1،1پوائنٹ اپنے کھاتے میں درج کرایا۔اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں مالاکنڈ کی ٹیم کو حریف مظفر آباد آزاد کشمیر کی ٹیم کو شکست دینے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑااور باآسانی 4-0کی فتح ان کا مقدر بنی۔رضوان اﷲ اور عاصم اﷲ نے 2,2گول اسکور کیئے۔ رضوان اﷲ نے 27ویں اور60ویں جبکہ عاصم اﷲنے 32اور82ویں منٹ میں درست نشانہ بازی کی۔میچ کمشنر سید امتیاز علی شاہ تھے۔سید اشفاق حسین شاہ ، صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچنے اور انہیں قومی کیمپ میں مدعو کرنے کیلئے طارق لطفی، گوہر زمان، سید ناصر اسمٰعیل، خالد نواز ، داؤد خان اورمحسن الحسنین جیسے ٹیکنیکل کوچز کو ٹیکنیکل اسٹڈی گروپ کا حصہ بنایا ہے جو میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے انہیں قومی کیمپ کا حصہ بنائیں گے۔