لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرو ر نے منگل کی شب ادارہ منہاج القرآن میں شہراعتکاف اور افطار ڈنر میں شرکت کی اور مذہبی سکالر علامہ طاہرالقادری کے صاحبزادوں چیئرمین سپریم کونسل ادارہ منہاج القرآن ڈاکٹرحسن محی الدین، صدر منہاج القرآن ڈاکٹرحسین محی الدین اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں سپورٹس کے فروغ کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرو رنے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب انڈر16کھلاڑیوں کے لئے سپورٹس سکول بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے، ہم نے حال میں پنجاب گیمز اور سالانہ سپورٹس کیلنڈر کو 8 سال بعد بحال کیا ہے، صوبہ بھر میں کھلاڑیوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرحسن محی الدین اور ڈاکٹرحسین محی الدین نے کہا ہے کہ صوبہ میں سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی خدمات قابل ستائش ہیں، پنجاب گیمز کے انعقاد سے سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا۔
پنجاب گیمز کی بحالی مستحسن اقدام ہے جس پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ نوجوانوں کی خوش قسمتی ہے کہ ندیم سرور جیسی شخصیت ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب تعینات ہیں جن کی سرپرستی اور اقدامات سے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن میں بھی طلبہ و طالبات کو کھیلوں کے بھرپور مواقع فراہم کئے جاتے ہیں، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، رئوف باجوہ، جواد اللہ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالحفیظ چودھری ، پبلک ریلیشن ڈائریکٹر شہزاد رسول ،غیور حسین شاہ ،حاجی اسحاق دیگر بھی موجود تھے۔
ادارہ منہاج القرآن کے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین اور ادارہ منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور نے ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے بھائی ملک مبشر سرور کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور شہراعتکاف کے مہمان خصوصی تھے جہاں 10ہزار سے زائد حاضرین نے ملک مبشر سرور کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے منہاج القرآن میں گوشہ درود، لائبریری اور دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا۔