لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ میں نجی شعبہ اہم کردار ادا کررہا ہے، نجی شعبہ کے تعاون سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے تحت اقدامات کررہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈ بل پاکستان کے برانڈ سٹوڈنٹ منیجر مجتبیٰ شاہ سے ملاقات کے دوران کیا، مجتبیٰ شاہ نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور ریڈبل پاکستان نے چند روز قبل باہمی اشتراک سے پنجاب سٹیڈیم میں ریڈ بل نیمار جونیئر 5 فٹ سال ٹورنامنٹ منعقد کرایا ہے جس میں 300سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا، یہ بہت اچھا ایونٹ تھا جس کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے تمام سہولیات فراہم کی ہیں، اسلام آباد کی ٹیم نے یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے جو کہ دو ماہ بعد برازیل میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کریگی،ٹورنامنٹ میں نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم نجی شعبہ کے ساتھ مل کر مزید ایونٹس منعقد کرائیں گے، ریڈ بل پاکستان کے برانڈ سٹوڈنٹ مینجر مجتبیٰ شاہ نے سپورٹس کے فروغ کے لئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فٹ سال ٹورنامنٹ میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے بہترین سہولتیں فراہم کی ہیں جس سے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے، مستقبل میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ مل کر مزید ایونٹس کرائیں گے، مجتبیٰ شاہ نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو ریڈ بل پاکستان کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ کے لئے نجی شعبہ کو شامل کرنے کیلئے ریڈ بل پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، جس کے تحت سپورٹس بوڈ پنجاب اور ریڈبل باہمی تعاون سے سپورٹس کے فروغ کے لئے مل کر کام کریں گے۔