لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا کی چند مشکوک تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جس کے بعد ان پر بال ٹیمپرنگ کے الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں گزشتہ روز لندن کے اوول گراؤنڈ میں مدمقابل تھیں اور بھارت نے دفاعی چیمپئن کو 36 رنز سے شکست دی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپورٹرز کی جانب سے میچ کے دوران ہی کئی ایسی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جن سے یہ تاثر ملتا رہا کہ شاید ایڈم زمپا مشکوک چیز کے ذریعے گیند سے چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں۔ اس قسم کی ایڈم زمپا کی بعض تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جس میں آسٹریلوی اسپنر کے ہاتھ میں سفید رنگ کی مشکوک چیز دیکھی جاسکتی ہے۔
ایک ویڈیو سے اس طرح کا تاثر ملتا ہے جیسے ایڈم زمپا مشکوک چیز کو ٹراؤزر کی ایک جیب سے دوسری جیب میں منتقل کر رہے ہیں۔دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے بال ٹیمپرنگ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس طرح کی تصاویر یا ویڈیوز نہیں دیکھیں اس لیے اس پر کچھ تبصرہ نہیں کرسکتے۔ایرون فنچ نے مزید کہا کہ ایڈم زمپا ہر میچ میں اپنے ساتھ ‘ہینڈ وارمر’ رکھتے ہیں اور میرے خیال میں ان کی جیب میں ہیڈ وارمر ہی تھا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یا دونوں ٹیموں کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے اب تک باضاطہ طور پر کوئی شکایت سامنے نہیں آئی اور نہ ہی اس کا کوئی نوٹس لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں ایک سال پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد حال ہی میں ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔