اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے ، ٹیسٹ کی کپتانی مل سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق رواں ماہ سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں سرفراز ہی کپتانی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ نئے ہیڈ کوچ کو کرنا جس کے لیے سابق کپتان مصباح الحق مضبوط امیدوار ہیں۔ورلڈ کپ 2019 میں ناقص کارکردگی کے بعد سے ٹیم کے کپتان کو تبدیل کرنے کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔گزشتہ ماہ سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی جبکہ ان کے ساتھ موجود سپورٹ اسٹاف کی بھی چھٹی کردی گئی۔ذرائع کے مطابق کپتان تبدیل کرنے کا معاملہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں زیر غور ضرور آیا تھا تاہم سرفراز کا متبادل نہ ہونے کے باعث انہیں ہی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی تجاویز کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی حتمی فیصلہ کریں گے تاہم ان کا ذہن تبدیل ہونے کے امکانات کم ہی ہیں۔