لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔ صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی سپورٹس لوور پالیسی کے باعث پنجاب میں سپورٹس کا کلچر فروغ پار ہا ہے، نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب بہترین مواقع فراہم کررہاہے، سپورٹس بورڈ پنجاب انڈر16 نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور ان کی تربیت کے لئے 6 کھیلوں کے ایک ماہ کے تربیتی کیمپ 5 شہروں میں منعقد کر رہا ہے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں کہی، صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ رواں سال لگائے گئے تربیتی کیمپس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں، سینکڑوں کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپس میں ماہر کوچز تربیت دے چکے ہیں جس سے نئے کھلاڑیوں کی کھیپ تیار ہوئی ہے، اس سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید 6کھیلوں کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ جلد لگائے جارہے ہیں جن میں والی بال، ویٹ لفٹنگ ، سنوکر ، فٹ بال ، میٹ ریسلنگ اور کبڈی شامل ہیں
ایک ماہ کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کے کھیل کو مزید بہتر بنانے کی تربیت دیں گے، کھلاڑیوں کے ٹرائلز مکمل ہوچکے ہیں، ان کھیلوں کے تربیتی کیمپ لاہور، ملتان، فیصل آباد، بہاولپوراور ڈیرہ غازی خان میںمنعقد ہوں گے، منتخب کھلاڑی محنت اور لگن سے تربیت حاصل کریں اور اپنے کھیل کو بہتر بناکر پاکستان کا نام روشن کریں، صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی تلاش کرنے کے لئے سالانہ سپورٹس کیلنڈر پر جلد ہی عملدرآمد شروع کردیا جائے گا، سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت تحصیل سطح پر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے تاکہ پسماندہ علاقوں کا ٹیلنٹ بھی سامنے آسکے ، اس کے علاوہ پہلی سپورٹس پالیسی کی تیاری بھی آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے، سپورٹس پالیسی کے نفاذ سے کھیلوں کو بہت تیزی سے فروغ ملے گا۔