اسلام آباد( سپورٹس لنک رپورٹ ) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق نے کہا ہے کہ جب بھی میں پچ پر جاتا ہوں تو میرے دماغ میں بہت کچھ چل رہا ہوتا ہے، میں ایک جذباتی اور جارح مزاج انسان ہوں۔ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شکست پر بہت روتا ہوں اور جب لوگ بابراعظم، یاسر شاہ اور محمد عامر پر تنقید کرتے ہیں تو مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔امام الحق نے کہا کہ میں جانتا ہوں جب ہماری ٹیم جیت رہی ہوتی ہے تو ہمیں بہت پذیرائی ملتی ہے تاہم اس حقیقت کو بھی سب کو ماننا چاہئے کہ یہ ایک کھیل ہیکوئی جنگ نہیں، اس میں ہار جیت لگی رہتی ہے۔کیریئر کی شروعات میں تنقید کا سامنے کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں اس رات سو ہی نہیں سکا جب مجھ پر بلاوجہ شدید تنقید کی گئی، میں جانتا ہوں کہ جس دن میں زیادہ رنز نہ بنا سکا تو مجھے لوگوں کے سخت رویے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انضام الحق کا بھتیجا ہونے کی بہت سزا دی گئی اور کہا جانے لگا کہ وہ میری سیلیکشن کے لئے مداخلت کرتے ہیں۔