فیصل آباد(سپورٹس لنک رپورٹ ):قائداعظم ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ کے میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کی ٹیم کو 204رنز سے شکست دیدی ۔تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے قائداعظم ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ کے میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو 204 رنزسے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری فتح حاصل کرلی۔
ظفر گوہر اور بلال آصف نے دوسری اننگز میں بھی شاندار سپن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 381 رنز کا تعاقب کرنے والی ناردرن کرکٹ ٹیم کو 176 رنز پر ڈھیر کردیا۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے ظفر گوہر نے دوسری اننگز میں 79 رنز کے عوض 7کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بلال آصف نے دونوں اننگز میں حریف ٹیم کے 3،3 بلے بازوں کا شکارکیا۔میچ کے آخری روز ناردرن نے 5وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو ناردرن کے آخری 5 بلے باز ٹیم کے مجموعے میں صرف 62 رنز کاہی اضافہ کرسکے
اور پوری ٹیم 57ویں اوور میں آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 226 رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سنٹرل پنجاب نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنا کراپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ایونٹ میں تیسری کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان سنٹرل پنجاب نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔