میلبورن (سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلین میڈیا نے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا حصہ بننے والے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا نیوزی لینڈ کے شین بانڈ سے موازنہ شروع کر دیا ہے۔
آسٹریلیا میں کرکٹ سے وابستہ ایک ویب سائٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی اسپیڈ اور بولنگ ایکشن کو بے حد سراہا اور اسے نیوزی لینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر شین بانڈ سے مشابہہ قرار دیا
۔ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بیناد پر قومی ٹیم میں شامل کیے جانے والے 16 سال کے نوجوان فاسٹ بولرنسیم شاہ کے ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی اسپیڈ اور ایکشن کے آسٹریلین میڈیا میں خوب چرچے جاری ہیں۔آسٹریلیا اے کے خلاف سائیڈ میچ کی پہلی اننگ میں
تو نسیم شاہ نے بولنگ کی نہیں تاہم دوسری اننگ میں انہوں نے اپنی اسپیڈ، ایکشن ، خطرناک باؤنسرز اور نپی تلی بولنگ سے سب کو حیران کیا۔
نسیم شاہ نے میچ میں صرف 8 اوورز کرائے جن میں سے 3 میڈن رہے اور 21 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی ، یوں نسیم نے8 اوورز کرکے پوری دنیا کی توجہ حاصل کرلی ہے۔انہوں نے آسٹریلوی وکٹوں پر اپنے
زبردست اسپیل میں اوپننگ بیٹسمین جو برنز کی وکٹ حاصل کی۔ بولنگ کے بعد وہ ڈریسنگ روم لوٹے تو ہیڈکوچ مصباح نے ان کے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر کارکردگی کو سراہا۔واضح رہے کہ سائیڈ میچ کے دوسرے دن نسیم شاہ کو پاکستان سے والدہ کے انتقال کی
درد ناک خبر موصول ہوئی تھی مگر اس کے باوجود وہ ہمت اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اترے اور پھرپور ردھم میں بولنگ کی۔نسیم شاہ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لیے پاکستان اور آسٹریلیا اے کی ٹیمیں بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تیسرے دن میدان میں اتریں۔