جمیکا (سپورٹس لنک رپورٹ)ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر ڈیوین براوو کو 4 سال بعد آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ روومین پاول کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔36سالہ ڈیوین براوو نے گزشتہ ماہ تصدیق کی تھی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈین ٹیم کا حصہ ہوں گے۔تین میچز کی سیریز کا پہلا میچ 15، دوسرا 19 اور تیسرا میچ 20 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈین اسکواڈ: کائرون پولارڈ (کپتان)، ڈیوین براوو، شیلڈون کوٹریل، شمرون ہٹمائر، برینڈن کنگ، ایوین لوئس، کھیری پائرے، نکولس پورن، رومین پاول، شرفین ردرفورڈ، لینڈل سمنز، ہیڈن واش اور کیسرک ولیمز اسکواڈ میں شامل ہیں۔براوو نے ستمبر 2016 میں پاکستان کے خلاف ابو ظبی میں آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔
براوو نے 66 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرتے ہوئے 116 اعشاریہ 41 کے اسٹرائیک ریٹ سے ایک ہزار ایک سو 46 رنز بنائے ہیں، کسی بھی اننگز میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور 66 رنز ناٹ آؤٹ ہے جو انہوں نے بھارت کے خلاف 2009 کے ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کے دوران لارڈز کے میدان میں بنایا تھا۔
ویسٹ انڈین آل راؤنڈر 28اعشاریہ 62 کی اوسط سے 52 وکٹیں بھی لے چکے ہیں، اُن کی بہترین بولنگ 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں ہے۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے اکتوبر 2018ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم اُن کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں ٹی20 لیگز کھیلتے رہیں گے۔
ایک بیان میں براوو نے کہا تھا کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرہونے کی تصدیق کرتا ہوں، اُن کا کہنا تھا کہ مجھے آج بھی وہ لمحہ یاد ہے جب جولائی 2004ء میں جب اُنہیں لارڈز کے کرکٹ گراؤنڈ میں میرون کیپ ملی تھی، اُس وقت جو جذبہ اور جوش محسوس کیا وہ پورے کیریئر کے دوران میرے ساتھ رہا۔