لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن میں شامل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا آغاز پیر سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 جنوری سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ کے لیے 19 ممکنہ کھلاڑیوں کونیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑی:
اظہر علی، کپتان(سنٹرل پنجاب)، اسد شفیق(سندھ)، عابد علی (سندھ)، بابراعظم (سنٹرل پنجاب)، بلال آصف (سنٹرل پنجاب)، فواد عالم (سندھ)، فہیم اشرف (سنٹرل پنجاب)، حارث سہیل (بلوچستان)، امام الحق (بلوچستان)، عمران خان سینئر (خیبرپختونخوا)، کاشف بھٹی (سندھ)، محمد عباس (سدرن پنجاب)، محمد رضوان، وکٹ کیپر(خیبرپختونخوا)، موسیٰ خان (ناردرن)، نسیم شاہ (سنٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، شان مسعود (سدرن پنجاب)، یاسر شاہ ( بلوچستان) اور عثمان شنوای (خیبرپختونخوا)۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کے باعث بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی 28 جنوری کوکیمپ جوائن کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرنے والے تمام 16 کھلاڑیوں کے علاوہ موسیٰ خان، فہیم اشرف اور بلال آصف کو ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ میں طلب کیا ہے۔
قائداعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن میں 42وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف کو ایونٹ میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر تربیتی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔
آلراؤنڈر فہیم اشرف کو فٹنس کی مکمل بحالی کے بعد قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔
موسیٰ خان سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں تھے مگر وہ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وقار یونس کے ہمراہ ٹریننگ کرتے رہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد کیا جائے گا۔