لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار کے قریب بھی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمر اکمل جہاں جاتے کوئی نہ کوئی مسئلے کا اندیشہ ضرور رہتا تھا،عمر اکمل نے ہمیشہ اپنی غلطیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کی۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ عمر اکمل میں ٹیلنٹ تھا لیکن وہ ٹیم کلچر میں فٹ نہیں تھے، قصور عمر اکمل کا ہے، ٹیم کے سسٹم کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کبھی ٹیم کا نہیں سوچتے ،ہمیشہ اپنا ہی سوچتے تھے۔عمر اکمل جیسے شخص کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے ۔ میں پاکستان ٹیم میں جو کلچر متعارف کرانا چاہتا تھا عمر اس سے دور تھے۔اس کے مقابلے میں بابر اعظم کیا بلا کا با صلاحیت بیٹسمین ہے جو سات گھنٹے روزانہ ٹریننگ کرکے اپنے آپ کو دنیا کا بہترین بیٹسمین منوارہا ہے۔