ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کی آفیشل پارٹنرشپ کے لیے ٹک اور ٹپال ٹی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
ٹک اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان یہ پارٹنرشپ، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور قائداعظم ٹرافی کے لیے ہے جبکہ ٹپال ٹی فرسٹ الیون کے تمام ٹورنامنٹس کا شراکت دار بن گیاہے۔
پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سے ہوچکا ہے۔ چھ مختلف کرکٹ ایسوسی ایشنز میں شامل پاکستان کے مایہ ناز اور باصلاحیت کرکٹرزاس ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں۔
بابرحمید، ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی:
ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حمید کا کہنا ہے کہ وہ ٹک اور ٹپال ٹی جیسے پاکستان کے دو معروف برانڈز کے ساتھ پارٹنرشپ کرنے پر مسرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹک اور ٹپال ٹی اس سے قبل بھی مختلف انداز میں پاکستان کرکٹ کے ساتھ شراکت داری کرچکے ہیں مگر چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز پر مشتمل اس نئے ڈومیسٹک ڈھانچے کے ساتھ ان کی پارٹنرشپ بہت اہم ہے۔
بابرحمید نے کہا انہیں یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو ڈومیسٹک سیزن میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کوملے گی۔
سمیع واحد، ڈائریکٹر مارکیٹنگ کنٹینٹل بسکٹس لمیٹڈ:
کنٹینٹل بسکٹس لمیٹڈ کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سمیع واحد کا کہنا ہے کہ ٹک نے پاکستان میں ہمیشہ کھیلوں اور خصوصاََ کرکٹ کو اسپورٹ کیا ہےاور اب ہم اسی عزم کے ساتھ پی سی بی کے نظریے کے مطابق اس نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے ساتھ پارٹنرشپ کررہے ہیں۔
ٹپال ٹی پرائیوٹ لمیٹڈ:
ترجمان ٹپا ل ٹی پرائیوٹ لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ پارٹنرشپ پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس پارٹنرشپ سے پاکستان کرکٹ کے معیار میں اضافہ اورشائقینِ کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گی، ہم ملتان میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی کامیابی کے منتظر ہیں۔