لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کارپوریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈیجیٹل پلاننگ سروسز اور ڈیسکون نے فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں سیمی فائنل میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ڈی پی ایس نے ایبکس کی ٹیم کو 50 رنز سے شکست دی۔ ڈی پی ایس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ علی ارحم نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شارون جان نے 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔
مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایبکس کی ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سہیل سکندر نے 35 رنز بنائے جبکہ محمد جواد نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاندار کارکردگی دکھانے پر علی ارحم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے سیمی فائنل میں ڈیسکون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیٹسول کو 2 رنز سے شکست دی۔ ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
اویس مغل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سیف رسول نے حریف ٹیم کے 2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں نیٹسول کی ٹیم 169 رنز بنا سکی۔ فراز حسن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 77 رنز بنائے جبکہ ڈیسکون کے اویس مغل نے 4کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔
اویس مغل کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کارپوریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل معرکہ اگلے ہفتے ڈیسکون اور ڈیجیٹل پلاننگ سروسز کے درمیان اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔